ابوظہبی: فلائی دبئی کی پہلی پرواز تل ابیب سے اسرائیلی سیاحوں کو لے کر اتوار کو دبئی پہنچی ہے فلائی دبئی کی فلائٹ 8194 نے تقریبا تین گھنٹے کی پرواز کے بعد فلک بوس عمارتوں کے شہر دبئی میں لینڈ کیا ہے۔بجٹ ائیر لائن، فلائی دبئی نے ایک بوئنگ 737 طیارہ سیاحوں کو لانے کیلئے تل ابیب ائیر پورٹ روانہ کیا تھایاد رہے کہ فلائی دبئی نے دبئی اور تل ابیب کے درمیان 26 نومبر سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ائیر لائن نے اتوار کو چلائی جانے والی پرواز کو بغیر کسی وضاحت کے سیاحوں کیلیے کمرشل چارٹرڈ پرواز قرار دیا ہے۔ امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق فلائی دبئی اس روٹ پر ہفتہ وار 14 پروازیں چلائے گی۔ روزانہ دو پروازیں دبئی اور تل ابیب کے درمیان چلیں گی۔ فلائی دبئی ڈاٹ کام پر اس کی بکنگ دستیاب ہے۔ اس پیشرفت کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں ہونے والے ٹرانسپورٹ معاہدہ کے بعد کیا گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کی فضائی کمپنیوں کے درمیان مسافر اور کارگو آپریشنز کو شروع کیا جاسکے گا۔اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دوروں، سیاحت اور سفر کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔