دبئی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیلی شہریوں کے لیے سیاحتی ویزوں کے اجراء کا آغاز کردیا۔یو اے ای کی وزارت خارجہ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق اسرائیلی پاسپورٹ پر فضائی کمپنیوں اور ٹراویل ایجنسیوں کے ذریعہ یو اے ای کا سیاحتی ویزاحاصل کیا جاسکے گا اور ٹراویل ایجنسیوں سے ویزے کا حصول ویزا سے استثنیٰ کے آئینی ڈرافٹ کی تصدیق تک جاری رہے گا ۔اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق یکم نومبر کو اماراتی اور اسرائیلی شہریوں کو ویزا سے استثنیٰ کی منظوری دی گئی تھی،ویزا استثنیٰ کا مقصد دونوں ممالک کے شہریوں کو ویزا عمل سے چھٹکارہ دلانا ہے۔رپورٹ کے مطابق ویزوں کے حوالے سے یہ اقدامات دونوں ممالک کے درمیان 15 ستمبر کو ہونے والے تاریخی معاہدے کے مطابق کیے گئے ہیں۔