ابو ظہبی: اسرئیل کے صدر ائزک ہیرزوگ آج اپنے پہلے سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات(یو اے ای) پہنچ گئے اور ان کے ہمراہ خاتون اول مشل ہیرزوگ بھی موجود ہیں۔ میڈیا کے مطابق صدارتی پرواز کے ذریعہ ان کی ابوظہبی آمد پر متحدہ عرب امارات کے امور خارجہ اور عالمی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ان کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔صدارتی دفتر کے مطابق، یہ ایسا پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی صدر کسی خلیجی ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔صدر ہیرزوگ ابوظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زید کی دعوت پر اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔یہ دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس وقت عالمی طاقتیں خطے کی دوسری بڑی طاقت ایران کے ساتھ 2015 کے نیوکلیئرمعاہدہ کی بحالی کے سلسلے میں مذاکرات کر رہی ہیں۔