اسرائیلی طالبہ کو آسٹریلیائی شہریوں کا خراج عقیدت ، ایک گرفتار

   

سڈنی ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی طالبہ آئیا ماساروے کے بہیمانہ قتل کے بعد اسے خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سینکڑوں آسٹریلیائی شہریوں نے سیاہ لباس میں وکٹورین اسٹیٹ پارلیمنٹ کے قریب جمع ہوکر موم بتیاں جلائیں۔ منگل کے روز اسرائیلی طالبہ کو رات دیر گئے اس وقت ہلاک کردیا گیا تھا جب وہ ایک شو دیکھ کر واپس آرہی تھی۔ ایک ٹرام اسٹاپ کے قریب واقع جھاڑیوں میں اس کی نعش ملی تھی جسے وہاں سے گزرنے والے راہگیروں نے دیکھا اور پولیس کو مطلع کیا۔ خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں سے ایک نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بہت ہی دکھ کی بات ہے کہ ہم یہاں جمع ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مساروے کے والد سعید نے جمعہ کے روز اس مقام کا معائنہ کیا جہاں قتل کا ارتکاب کیا گیا تھا اور اب وہاں متوفیہ کی یاد اور خراج عقیدت کیلئے سینکڑوں پھولوں کے گلدستے موجود ہیں۔ دریں اثناء آسٹریلیائی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو پوچھ گچھ کیلئے گرفتارکیا ہے اور اب تک اس پر کوئی الزامات عائد نہیں کئے گئے ہیں۔