اسرائیلی عدالت کا متنازعہ قانون کیخلاف فیصلہ

   

تل ابیب ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی اعلیٰ ترین عدالت نے فلسطینیوں کی مقبوضہ زمینوں پر یہودی بستیوں کی تعمیر کو ان کے وجود میں آنے کے بعد قانونی قرار دینے سے متعلق ایک متنازعہ قانون کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے۔ عدالت کے ججوں نے اس قانون کو غلط قرار دے دیا، جس کی مدد سے حکومت مقبوضہ مغربی اردن کے علاقے میں سینکڑوں ہیکٹر زمین کو اسرائیل کے ریاستی علاقے میں شامل کرنا چاہتی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ اسرائیلی قانون فلسطینی آبادی کے حقوق کی نفی کرتا ہے اور اس لیے ریاستی آئین سے متصادم ہے۔ اسرائیلی پارلیمان نے یہ متنازعہ قانون 2017میں منظور کیا تھا۔ اس قانون کے خلاف انسانی حقوق کی اسرائیلی اور فلسطینی تنظیموں نے مقدمات دائر کیے تھے۔