یروشلم۔ 20 مئی ۔ (یو این آئی ) غزہ پٹی میں پیر کی نصف شب سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ اطلاع الجزیرہ نے منگل کے روز فلسطینی طبی ذرائع کے حوالے سے دی۔اسرائیل غزہ شہر، شمالی اور وسطی غزہ پر بمباری کر رہا ہے ۔ غزہ شہر میں مہاجرین کو پناہ دینے والے موسیٰ بن نصیر اسکول پر حملے میں 12 افراد ہلاک ہو ئے ہیں ۔ دیر البلاح شہر میں رہائشی عمارتوں پر ہونے والے حملوں میں تیرہ دیگر افراد ہلاک ، جب کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ پر حملے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے ۔غزہ ہیلتھ اتھارٹی نے بتایا کہ غزہ پٹی میں 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر دوبارہ گولہ باری شروع کرنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 3,300 سے زائد افراد ہلاک اور 9,300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس فورسز نے اتوار کو خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی بمباری میں اضافے کی وجہ سے انہیں اپنی گاڑیوں کے لیے ایندھن نہ ملا تو وہ 72 گھنٹوں کے اندر آبادی کو امداد کی فراہمی بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔