غزہ؍ رام اللہ: اسرائیل اور ویسٹ بینک کے ساتھ غزہ سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران پیر کو کئی فلسطینی زخمی ہوگئے ۔ یہ اطلاع فلسطینی ڈاکٹروں اور عینی شاہدین نے دی۔ اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا کہ مشرقی غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں کم از کم 12 فلسطینی زخمی ہو گئے ۔ فلسطینی عینی شاہدین نے بتایا کہ سینکڑوں فلسطینی سرحدی لائن کے علاقے میں جمع ہوکر جھنڈے لہراتے ، ٹائر جلاتے ، اسرائیل مخالف نعرے لگاتے ہوئے سرحدی فوجیوں پر پتھراؤ کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے درجنوں آنسو گیس کے گولے داغے اور پھر سرحدی باڑ کے قریب آنے والے نوجوانوں پر فائرنگ کی۔ یہ مظاہرے حماس سمیت متعدد فلسطینی گروپوں کی جانب سے مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کو نذر آتش کیے جانے کی 54ویں برسی کے موقع پر اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بلائے گئے تھے ۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس کے جنوب مشرق میں واقع گاؤں بیتا میں جھڑپوں کے دوران کم از کم 50 فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اب تک فلسطینیوں کے حملوں میں 33 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر اسرائیلی ہیں اور 200 سے زائد فلسطینی اسرائیلی فوجیوں اور رہائشیوں کے ہاتھوں جاں بحق ہوچکے ہیں۔