اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

   

یروشلم ۔ 17 جنوری (ایجنسیز) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فضائی سرگرمیوں کے دوران ایک خطرناک واقعہ پیش آیا ، جہاں اسرائیلی فضائیہ کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر آبادی کے قریب گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ میڈیا کے مطابق حادثہ مغربی کنارے کے علاقہ گوش اتزیون میں پیش آیا جہاں رہائشی آبادی موجود ہے اور ہیلی کاپٹر گھروں سے چند میٹر کے فاصلے پر زمین سے ٹکرایا۔ حادثہ کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر یانشوف ماڈل سے تعلق رکھتا تھا، جو اس سے قبل خراب موسمی حالات کے باعث ہنگامی طور پر اتزیون بریگیڈ کے زیر انتظام علاقے میں اتار لیا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق خراب موسم اور تکنیکی مسائل کے باعث ہیلی کاپٹر کو پرواز کے قابل نہیں سمجھا گیا، جس کے بعد اسے دوسرے ہیلی کاپٹر کی مدد سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق جب خراب ہیلی کاپٹر کو ایک دوسرے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹوئنگ کے عمل میں لایا گیا تو دورانِ پرواز اچانک استعمال ہونے والا ہارنس الگ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر فضا میں توازن برقرار نہ رکھ سکا اور تیزی سے نیچے آ گرا اور تباہ ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے حادثہ کے وقت ہیلی کاپٹر میں کوئی عملہ یا فوجی سوار نہیں تھا، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حادثہ رہائشی علاقے میں پیش آنے کی وجہ سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔