تل ابیب: اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگاری کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے حملے کی دھمکیوں کے حوالے سے پیش رفت پر اسرائیل کی نظر ہے تاہم اسرائیلی فوج نے شہریوں کیلئے احتیاطی ہدایات میں تبدیلی نہیں کی۔پیر کو جاری بیان میں ہیگاری کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ ایران میں ہو رہا ہے ہم اپنی استطاعت کے مطابق اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم ایسا اکیلے نہیں کر رہے بلکہ امریکہ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ہیگاری کے مطابق فوج نے سلامتی سے متعلق عوام کیلئے کوئی نئی ہدایات جاری نہیں کی ہیں تاہم اگر ضرورت پڑی تو داخلی محاذ کو کسی بھی تبدیلی کے حوالے سے جلد از جلد آگاہ کیا جائے گا۔اسرائیلی فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دشمن کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات اور تبصروں کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ اس لیے ہم حملے اور دفاع کیلئے تیار ہیں۔اسرائیل اس وقت ایران اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے ممکنہ حملے کیلئے چوکس ہے۔