یروشلم :صہیونی ریاست اسرائیل کی قابض فوج غزہ میں فلسطینیوں پر حملوں اور بمباری کے بعد متاثرہ اور تباہ کیے گئے علاقوں میں کھلے عام لوٹ مار میں مصروف ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انسانی حقوق تنظیم یورو۔ میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس آبزرویٹری کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں قابض صہیونی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں اور دیگر مقامات سے سامان چوری کرنے، زبردستی گرفتاریوں کے دوران لوٹ مار کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔تنظیم کے مطابق اسرائیلی فورسز منظم طور پر لوٹ مار کررہی ہیں اور فلسطینیوں کا سونا، رقوم جس میں ڈالرز بھی شامل ہیں، موبائل فونز اور لیپ ٹاپ چھینے یا چوری کیے جا رہے ہیں۔ دستاویزی شہادتوں کی بنیاد پر ابتدائی تخمینے میں فلسطینی شہریوں کے ذاتی سامان کی چوری اور اسرائیلی فوج کی جانب سے قیمتی املاک کی وسیع پیمانے پر لوٹ مار کی نشاندہی کی گئی ہے۔ لوٹ مار سے حاصل ہونے والی رقم کئی ملین ڈالر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔