غزہ، 9 اکتوبر (یو این آئی) اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ سے نکلنے کی تیاری شروع کردی۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ اس نے حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے ایک حصے کے طور پر غزہ پٹی سے فوجیوں کو جزوی طور پر واپس بلانے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ سیاسی قیادت کی ہدایت اور صورتحال کے جائزے کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز نے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے آپریشنل تیاری شروع کر دی ہے ۔ تیاریوں کے حصے کے طور پر آئی ڈی ایف کا مزید کہنا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں ایڈجسٹ شدہ تعیناتی لائنوں میں فوجیوں کو منتقل کرنے کیلئے تیار ہے۔ اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ اس علاقے میں آئی ڈی ایف کی تعیناتی جاری ہے اور وہ کسی بھی آپریشنل ترقی کیلئے تیاری کر رہی ہے ۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کے بعد جہاں ایک طرف غزہ کے عوام جشن منارہے ہیں دوسری طرف دنیا نے اس معاہدہ کا خیرمقدم کیا ہے۔