اسرائیلی فوج نے فلسطینیو ں کے باغات تباہ کردیئے

   

مقبوضہ بیت المقدس : ا سرائیلی فوج کی گاڑیوں نے شمالی وادی اردن میں زراعت اور مویشیوں کو چرانے کے لیے استعمال ہونے والی سیکڑوں دونم فلسطینی زمین تباہ کردی۔ مقامی عہدے دار عارف دراغمہ کا کہنا ہے کہ شمالی وادی اردن کے بدو قبائل کے علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جنگی مشقوں کے دوران اسرائیلی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں نے زرعی زمین پر کاشت کردہ سبزیوں اور اناج کو تہس نہس کر دیا۔ اسرائیلی فوج کی گاڑیو ں نے خربت ابزیق، فراسیہ اور قاعون میں زیادہ تباہی پھیلائی۔دوسری جانب یہودی آبادکاروں کے ایک گروہ نے سلفیت کے ایک زیتون فارم سے درجنوں درختوں کے پودے چرا لیے ،جب کہ ایک اور گروہ نے نابلس میں زیتون کے باغ پر حملہ کر کے درجنوں درخت اکھاڑ پھینکے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہودی آبادکاروں نے فلسطینی شہری کا ایک ٹریکٹر، 80 زیتون کے پودے اور موبائل فونز چرا لیے۔ اس کے علاوہ نابلس میں ایک یہودی گروہ نے بیورن گائوں میں موجود زیتون کے باغ میں 46 زیتون کے درخت کاٹ ڈالے۔