رملّہ، 3 جون (آئی این ایس) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر رملّہ کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جو مبینہ طور پر فوج پر پتھر اور مولوٹوف کاک ٹیل پھینک رہا تھا۔رملّہ میں قائم وزارت صحت نے ایک بیان میں کہاکہ سول افیئرز اتھارٹی نے ہمیں پیر کے روز رملّہ کے شمال میں واقع شہر سنجیل میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 14 سالہ یوسف فواد فقہہ کی ہلاکت کی اطلاع دی۔ادھر فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے فقہاء کو اس وقت گولی ماری جب وہ شہر کے شمالی حصے میں تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے بعد میں ایک قریبی فلسطینی کے گھر پر چھاپہ مارا اور نگرانی کرنے والے کیمرے کی فوٹیج مٹا دی۔ نوجوان اسی علاقے میں مارا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی فورسز نے ایک فلسطینی کی شناخت کی ہے جو سڑک پر پتھر اور فوجیوں پر خطرناک مادے والی بوتلیں پھینک رہا تھا ۔ بیان کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت کے بعد فورسز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔فوج خطے کے مکینوں کے تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے مغربی ساحل پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ خیال ر ہے کہ خطے میں تقریباً 20 ماہ سے کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔