اسرائیلی فوج نے یمن سے داغا گیامیزائل فضا میں تباہ کر دیا

   

تل ابیب 22 مئی (ایجنسیز) اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ یمن سے داغے جانے والے ایک میزائل کا پتا چلا کر اسے فضا میں کامیابی سے روک دیا گیا۔ یہ بات برطانوی خبر رساں ایجنسی نے بتائی۔فوج کے ترجمان اویخای ادرعی نے آج جمعرات کی صبح Xپلیٹ فارم پر اپنے بیان میں کہا کہ یمن سے داغا گیا ایک میزائل روکا گیا، جس کے باعث ملک کے وسطی علاقوں میں کئی مقامات پر خطرے کے سائرن بجنے لگے۔العربیہ ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ “حوثیوں نے صعدہ شہر کے اطراف سے اسرائیل کی طرف ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا”، اور اس کے نتیجے میں بیت المقدس اور اس کے گرد و نواح، نیز تل ابیب اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔ العربیہ کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دفاعی میزائل فائر کیے اور بیت المقدس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ میزائل حملے کے پیشِ نظر تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا۔