اسرائیلی فوج کا الجزیرہ کے دفترکو45دن بند رکھنے کا حکم

   

رملہ : اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رملہ میں واقع قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے دفتر پر دھاوا بولا اور آئندہ 45 دن تک کام بند کرنے کا حکم دے دیا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے الجزیرہ کے مغربی کنارے کے بیوروچیف ولید العمری کو بتایا کہ ’الجزیرہ کو 45 دنوں کے لیے بند کرنے کا عدالتی حکم ہے۔‘الجزیرہ کی نشر کی گئی فوٹیج میں اسرائیلی اہلکار کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں آپ سے کہتا ہوں کہ اپنے تمام کیمرے لے جائیں اور اسی وقت دفتر سے نکل جائیں۔‘فوٹیج میں بھاری مسلح اور نقاب پوش فوجی اہلکاروں کو دفتر میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔براڈکاسٹر نے کہا کہ فوجیوں نے کام بند کرنے کے حکم کی کوئی وجہ فراہم نہیں کی۔یہ اقدام الجزیرہ کے خلاف اسرائیل کی تازہ ترین کارروائی تھی۔گذشتہ ہفتے اسرائیل کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں الجزیرہ کے صحافیوں کی پریس دستاویز کو منسوخ کر رہی ہے۔اسرائیلی فوج نے بارہا قطری نیٹ ورک کے صحافیوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں حماس یا اس کی اتحادی اسلامی جہاد سے وابستہ ’دہشت گرد ایجنٹ‘ ہیں۔الجزیرہ نے اسرائیلی حکومت کے الزامات کی تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل منظّم طریقے سے غزہ پٹی میں اس کے ملازمین کو نشانہ بناتا ہے۔