اسرائیلی فوج کا غزہ میں نیا آپریشن

   

تل ابیب ۔ 17 مئی (ایجنسیز) اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے محصور فلسطینی علاقہ غزہ پر ’بڑے پیمانے پر حملے‘ شروع کیے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو اسرائیلی فوج نے بتایا کہ تازہ حملے ایک ’ابتدائی مرحلے‘ کا حصہ ہیں جس کا مقصد جنگ کے تمام اہداف حاصل کرنا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ٹیلی گرام پر عربی زبان میں ایک بیان میں کہا کہ یہ حملے غزہ کی پٹی میں جنگ کی توسیع کا حصہ ہیں جن کا مقصد مغویوں کی رہائی اور حماس کی شکست سمیت جنگ کے تمام مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے قبل ازیں کہا تھا کہ جمعہ کو غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 100 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کی یہ جارحانہ کارروائی جسے ’آپریشن گیدون کا شیروٹس‘ کا نام دیا گیا ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب تل ابیب کو غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور وہاں کے شہریوں تک بنیادی انسانی ضروریات اور غذا کی ترسیل کی بحالی کے لیے عالمی دباؤ کا سامنا ہے۔