اسرائیلی فوج کا غزہ کیلئے امداد لیجانے والے قافلہ پر حملہ

,

   

گلوبل صمود فلوٹیلا کے ایک جہاز میں اسرائیلی فوجی گھس گئے، تمام ارکان کو حراست میں لے لیا

لندن، یکم اکتوبر (ایجنسیز) اسرائیلی فوج نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا ہے۔ فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق اسرائیلی اہلکار قافلے میں شامل ایک جہاز میں داخل ہوگئے ہیں اور تمام ارکان کو اسرائیلی فوجیوں نے حراست میں لے لیا ہے۔ فلوٹیلا پر موجود افراد کے مطابق اسرائیلی فوج نے ’الما‘ اور ’سائرس‘ نامی کشتیوں کو گھیر لیا ہے۔ اس سے قبل گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے جہازوں پر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ اسرائیلی بحریہ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلوٹیلا کو ریڈیو کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلوٹیلا کو کہا گہا ہے کہ اگر وہ غزہ کو امداد پہنچانا چاہتے ہیں تو اپنا رخ اشدود کی بندرگاہ کی جانب موڑلیں جہاں سے امداد کو غزہ پہنچادیا جائے گا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج فلوٹیلا تک پہنچ گئی ہے اور فلوٹیلا کو راستہ تبدیل کرنے کا کہا جارہا ہے، اسرائیلی فوج نے خبردار کیا ہیکہ فلوٹیلا وار زون میں داخل ہو رہا ہے۔ فلوٹیلا کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے رکن تیاغو اویلا نے اپنے جہاز سے بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام میں کہا کہ ہم اپنے مشن کے ایک فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ رہے ہیں۔ اس وقت ہم ان (اسرائیل) کی فوجی ناکہ بندی کے قریب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جہازوں کی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے، جو اسرائیلی وزارتِ خارجہ اور میڈیا کی اُن اطلاعات سے مطابقت رکھتی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ آج رات ہمارے اس مشن کو غیرقانونی طور پر روکا جائے گا، حالانکہ ہمارا مقصد محاصرہ توڑنا اور ایک انسانی راہداری قائم کرنا ہے۔ فلوٹیلا پر موجود عرب صحافی کے مطابق کم از کم 12 مشتبہ اسرائیلی جہاز ان سے تقریباً 4 بحری میل کے فاصلے پر ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ جہاز کس رفتار سے بڑھ رہے ہیں یا صرف فلوٹیلا کو روکنے کے لیے رکاوٹ کے طور پر کھڑے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اس سے قبل گلوبل صمود فلوٹیلانے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ بیڑہ اس وقت غزہ سے 118 بحری میل کے فاصلے پر ہے، جو اس مقام سے صرف8 میل دور ہے جہاں جون میں امدادی جہاز ’میڈلین‘ پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کرلیا تھا۔ ترک خبر رساں ادارے سے فلوٹیلا کے ایک جہاز پر موجود کارکن زین العابدین اوزکان نے بتایا کہ رات بھر فلوٹیلا کے اوپر ڈرونز کی پروازیں جاری رہیں۔

پُرامن فلوٹیلا پر اسرائیل حملہ کرنے تیار
تل ابیب، یکم اکتوبر (یو این آئی) اسرائیل نے غزہ کی جانب محو سفر پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بولنے کی تیاری شروع کردی۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا آؤٹ لیٹ ‘وائی نیٹ’ نے بتایا کہ اشدود بندرگاہ پر تقریباً 500 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو گلوبل صمود فلوٹیلا میں شریک کارکنوں کی متوقع آمد کے پیش نظر ہے ۔ اسرائیلی میڈیا آؤٹ لیٹ کے مطابق اشدود اور اس کے اطراف کے اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلیے الرٹ رہیں اور اپنی ٹیموں کو تیار رکھیں۔ مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی بحریہ کی ایلیٹ اسپیشل فورسز یونٹ شائٹیٹ 13 کے اہلکار باقی دستوں کے ساتھ مل کر فلوٹیلا میں شامل جہازوں کا کنٹرول سنبھالیں گے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کو اسرائیلی بحریہ کے جہازوں پر منتقل کیا جائے گا اور پھر انہیں ساحل پر لایا جائے گا، انہیں اسرائیل میں کیتزیوٹ جیل بھیجا جائے گا جبکہ تعاون کرنے والوں کو ان کے آبائی ممالک واپس ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

اسرائیل کا گلوبل صمود فلوٹیلا کی کشتیوں کو سمندر میں ڈبونے کا منصوبہ بے نقاب
تل ابیب، یکم اکتوبر (یو این آئی) فلسطین پر قابض صیہونی فورسز کا غزہ کی امداد کے لیے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کا گھناؤنا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے لیے امداد لے جانے والا گلوبل صمود فلوٹیلا اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے اور ہائی رسک زون میں داخل ہونے پر اسرائیلی بحری جہازوں نے بیڑے کی دو مرکزی کشتیوں کا گھیراؤ کیا اور ان کے کمیونیکیشن آلات کو جام کر دیا۔ اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کے مطابق اسرائیل بیڑے کو روکنے کے لیے بعض کشتیوں کو سمندر میں ڈبونے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے ۔ دوسری جانب اٹلی کے جہاز پیچھے ہٹانے کے فیصلے پر اقوام متحدہ کی فلسطین کے لیے خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیز نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اسرائیل کو مزید مظالم اور نسل کشی کے لیے کھلا چھوڑنے کے مترادف ہے ۔ کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے خبردار کیا ہے کہ پُرامن مشن پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور انسانیت کے خلاف جرم ہوگا۔