یروشلم : اسرائیل فوج کے ہاتھوں رمضان المبار ک میں بھی مسجد اقصیٰ پر دھاووں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کی بھاری جمعیت نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر قبلہ اول کی بے حرمتی کی اور وہاں موجود نمازیو ں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر قابض فوج نے باب العامود کے مقام سے 6 فلسطینیوں حراست میں لے لیا۔ قابض اہل کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر لائوڈ اسپیکروں کی تارکاٹ دی اور اذان پر پابندی لگادی۔ وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کے مطابق باب العامود سے حراست میں لیے گئے 6فلسطینیوں کو شاہراہ صلاح الدین پر واقع حراستی مرکز منتقل کیا گیاہے۔ گرفتار ہونے والوں کی شناخت معتز محمود حج، قصی عاشور، حمد رشق، علی حمدان، محمد اسماعیل اور نبیل شریتح کے ناموں سے کی گئی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر نمازیوں کو گھسیٹا اور بری طرح زدوکوب کیا۔ ادھر فلسطینی عوام کی طرف سے اسرائیلی فوج کی کارروائی کو وحشیانہ اقدام قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی۔ اردن کی جانب سے بھی قبلہ اول کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ کی مذمت کی گئی۔