نیویارک : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو جنگ بندی کی مقررہ مدت کے دوران لبنان کی سرزمین سے نکل جانا چاہیے۔گوٹیرس نے دارالحکومت بیروت میں اپنے دورہ لبنان کے حوالے سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ “لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کمزور مگر برقرار ہے، میں تمام فریقین اور متعلقہ حلقوں سے جنگ بندی کی شرائط کو نافذ کرنے اور اس کی ضمانت دینے کی اپیل کرتا ہوں”۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ “اسرائیلی فوج کے لئے ضروری ہے کہ جنگ بندی کے دوران مقررہ مدت کے اندر اندر لبنان کی سرزمین سے انخلاء کر جائے۔ اس کے ساتھ بیک وقت شکل میں جنوب میں لبنانی فوج کی تعیناتی کر دی جائے”۔لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ 27 نومبر 2024 کو مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بجے سے نافذ العمل ہو گیا تھا۔معاہدہ کی دوسری شق میں کہا گیا ہے کہ “لبنانی حکومت، حزب اللہ یا لبنان کی سرزمین پر موجود دیگر تمام مسلح گروپوں کو اسرائیل کے خلاف کسی بھی آپریشن سے روکے گی اور اسرائیل بھی لبنان میں شہری، فوجی یا سرکاری اہداف پر زمینی، بحری یا فضائی کسی بھی فوجی کارروائی سے باز رہے گا”۔معاہدہ کے تحت لبنانی فوج کو 60 دنوں کے اندر اندر اسرائیل کے زیر قبضہ جنوبی علاقوں میں مرحلہ وار شکل میں متعین کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج بمباری اور مکانات کی تباہی جیسی کارروائیوں کے ذریعہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔