اسرائیلی فوج کیساتھ جھڑپ میں دو فلسطینی ہلاک، متعدد زخمی

,

   

غزہ۔9 فروری (سیاست ڈاٹ کام)غزہ پٹی کے قریب اسرائیلی سرحد کے پاس جمعہ کو دوپہر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں دو فلسطینی مظاہرین ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ہفتہ کو بتایا کہ مشرقی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں حمزہ اشتوی (18) کی موت ہوگئی۔ اس سے پہلے صبح اسرائیلی سرحد کے نزدیک جنوبی غزہ کے خان یونس کے شہر مشرقی علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حسن شالبی (14) کی موت ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ مشرقی غزہ میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ ان میں سے زیادہ تر زخمیوں کو مختلف ہاسپٹلس میں داخل کرایا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال مارچ سے ہر ایک ہفتہ غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں ‘واپسی مارچ’ نام سے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ اسی کے تحت، جمعہ کو دوپہر میں 46 ویں ریلی منعقد ہوئی تھی جس کے دوران مظاہرین کی اسرائیلی فوج کیساتھ جھڑپیں شروع ہوئیں۔غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ مارچ سے اسرائیلی فوج نے 250 فلسطینیوں کا قتل کیا ہے اور 26,000 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔