اسرائیلی فوج کی تازہ فائرنگ‘ 104 جاں بحق

,

   

غزہ۔ 20 جولائی (یواین آئی) غزہ پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کی صبح سے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 104 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں میں 37 افراد وہ تھے جو امداد کے متلاشی تھے ۔ وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ کئی متاثرین اب بھی ملبے اور سڑکوں پر موجود ہیں جہاں امدادی اور شہری دفاعی عملہ اب تک ان تک پہنچنے سے قاصر ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جنگی کشتیوں نے غزہ بحری بندرگاہ پر سمندر کے اندر ماہی گیروں پر شدید فائرنگ کی اور ان میں سے کئی کو گرفتار کر لیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے ہفتے کی دوپہر کو وسطی صوبے میں النصیرات پولیس کے ڈائریکٹر کرنل عمر سعید عقل کو ایک فضائی حملے میں مار دیا۔ غزہ پٹی کے وسط میں الزوائدہ قصبے میں ان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں وہ اپنے خاندان کے 11 افراد کے ساتھ مارے گئے ۔