دو فلسطینی گرفتار ، شہریوں پر اسرائیلی فوج کا آنسو گیاس کا استعمال
یروشلم /24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطین میں مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی قصبے عیسویہ میں اسرائیلی فوج نے درجنوں فلسطینیوں کو زخمی کر ڈالا جب کہ 2 کو حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے القدس کے قصبے عیسویہ کے محلے عابد میں دھاوا بولااور فلسطینی شہریو ں پر آنسو گیس پھینکی۔ اس دوران 2 فلسطینی باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج 27 جون کو 20 سالہ فلسطینی محمد ثمیر عبید کے قتل کے بعد عیسویہ میں اپنی کاروائیوں میں تیزی لاچکی ہے، اور گزشتہ 5 ماہ سے علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپا مار کارروائیوں کے ساتھ شہریوں کو گرفتار کرنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی ایوان نمایندگان میں ڈیموکریٹس ارکان ایک بل پیش کرنے پر غور کررہے ہیں، جس میں وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کو قانونی طور پر جائز قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کی شام تک اس پٹیشن پر 107 ارکان دستخط کر چکے تھے۔ پٹیشن 4 روز قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بیان کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ امریکا مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کو بین الاقوامی قانون کی مخالفت شمار نہیں کرتا۔ پومپیو کے اس بیان کی بین الاقوامی سطح پر اور عرب دنیا کی جانب سے سخت مذمت کی گئی۔