یروشلم : فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4بچے زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بچوں کو اس وقت گولی ماری جب وہ بیٹ رومانو بستی کے قریب شہدا اسٹریٹ پر تھے۔ زخمیوں میں 13 سالہ محمد ایاد جعبری کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور اس کی حالت تشویش ناک ہے۔ اس کے علاوہ 14 سالہ معتز عیسیٰ حسونہ کو ران میں گولی ماری گئی۔ 15 سالہ محمد جنیدی اور 21 سالہ مجدی امجد ابو شمسیہ کو بھی گولیاں ماری گئیں۔ زخمیوں کوعلاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ادھر شمال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 130 سے زائد فلسطینی مظاہرین زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ نابلس شہر کے جنوب مشرق میں واقع دیہات بیتا اور بیت دجان کے قریب مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔دوسری جانب قابض اسرائیلی حکام نے شمالی بیت المقدس میں بیت حنینا کے مقام فلسطینی خاندان سے زبردستی اس کا مکان مسمار کرادیا۔ فلسطینی شہری رائف سلایمہ نے بتایا کہ قابض اسرائیلی حکام نے اسے دھمکی دی تھی کہ اگر میں نے اپنا مکان اپنے ہاتھوں مسمار نہ کیا تو مجھے مکان مسماری کے لیے ایک لاکھ شیکل جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسمار کیے گئے مکان میں 4افراد پر مشتمل خاندان رہائش پزیر تھا۔ وہ گذشتہ 8سال سے مکان کو بچانے کے لیے قانونی جنگ لڑرہے تھے۔ ان کے پاس مکان کے تمام قانونی کاغذات اور دستاویزات موجود تھیں، لیکن اس کے باوجود قابض رحکام نے ریاستی جبر کامظاہرہ کرتے ہوئے مکان مسمار کر ادیا۔