۔9 ہزار ریزرو فوج طلب، صورتحال کشیدہ
یروشلم ۔ ایک ایسے وقت میں جب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فوج داخل کرنے اور بری کارروائی شروع کرنے کا اشاریہ دیا ہے ملک کے شمال میں راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ یہ راکٹ جنوبی لبنان کے علاقے القلیلہ سے داغ گئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے لیے 9 ہزار ریزرو فوجیوں کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا ہے۔ ذرائع ابلاغ سے ملنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان سے اسرائیل کے بالائی علاقے الجلیل پر تین راکٹ داغے گئے جو الجلیل کی شلومی کالونی میں جا گرے۔ یہ راکٹ گراڈ نوعیت کے ہیں تاہم اس کے نتیجہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہیکہ وہ لبنان کی سرزمین سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی تحقیقات کررہی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی لبنان سے داغے گئے تین راکٹ اسرائیل میں ایک ویران علاقے میں گرے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان افیحائی ادرعی نے ٹیوئٹر پر بتایا کہ لبنان کی سرزمین سے تین راکٹ الجلیل کے ساحلی علاقے میں داغے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان راکٹ حملوں پر خطرے کے سائرن نہیں بجائے جا سکے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق جنوبی لبنان سے راکٹ حملوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ ادھر جمعرات کو لبنانی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ جنوبی لبنان سے اسرائیل پر راکٹ حملے فلسطینی تنظیموں کی طرف سے کیے گئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے ہیڈ کواٹر کو بمباری سے تباہ کر دیا ہے۔ بمباری میں حماس کے بمبار ڈرون یونٹ کے انچارج سامر ابو دقہ کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔