اسرائیلی فوج کی فائرنگ ،فلسطینی جاں بحق

   

یروشلم : مقبوضہ مغربی کنارے میں آج اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وفا) کے مطابق 31 سالہ مقتول کا نام جمیل الکیال ہے۔ نابلس شہر کے علاقے راس العین میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران میں جمیل کے سر میں گولی لگی تھی۔دوسری جانب اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ نابلس میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر اس کے پاس سے نیم آتشی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔پولیس کے بیان کے مطابق “اسپیشل فورسز اپنی کارروائی مکمل کر کے روانہ ہونے والی تھی کہ بلوائیوں نے ان پر دھماکا خیز مواد پھینکا۔ اس پر ان فورسز نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی اور بظاہر لگتا ہے کہ فائرنگ سے ان میں سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ہلال احمر نے اسے زخمی حالت میں وہاں سے اٹھا لیا”۔انٹرنیٹ پر زیر گردش وڈیو کلپوں میں فلسطینی شہری جمیل الکیال کو زمین پر پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔