یروشلم : فلسطین میں قائم میڈیکل اور سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعرات کی صبح مقبوضہ علاقے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی شمالی شہر نابلس کے مشرقی علاقے میں مختلف افراد کی گرفتاری کے لیے داخل ہوئی۔ اسرائیلی فوجیوں نے اس علاقے میں موجود مغربی کنارے میں قائم بالتا پناہ گزین کیمپ کے رہائشی21 سالہ فلسطینی باقر حشحاس کو سر میں گولی ماردی۔اے ایف پی کے ذرائع کے رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے اس واقعہ پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ مغربی کنارے میں جب بھی اسرائیلی فوجی فلسطینیوں کی گرفتاریوں کے لیے حملہ آور ہوتے ہیں تو فلسطینی آبادی کے مراکز میں اکثرجھڑپیں ہوتی ہیں۔اسرائیل نے 1967 کی چھ روزہ جنگ کے بعد سے اس علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔علاوہ ازیں مشرقی بین المقدس کو چھوڑ کرتقریباً چار لاکھ 75 ہزار اسرائیلی مغربی کنارے میں 28 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے ہمراہ بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دی جانے والی بستیوں میں رہتے ہیں۔