اسرائیلی فوج کے جاسوسی آلاتفلسطینیوں کے ہاتھ لگ گئے

   

غزہ : اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے فائرنگ سے ایک اور فلسطینی کو شہید کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک طرف فلسطینیوں کا اپنے تباہ حال گھروں میں لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کردیا جبکہ اسرائیلی فوج غزہ سے پسپا ہونے سے پہلے جاسوسی آلات چْھپا گئی، کئی مقامات پر چْھپے اسرائیلی جاسوسی آلات گھروں کو واپس آنے والے فلسطینیوں کے ہاتھ بھی لگ گئے۔ادھر یمن کے حوثیوں نے غزہ پر دوبارہ حملوں کی صورت میں اسرائیل کو دوبارہ نشانہ بنانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔اسرائیلی یرغمالیوں کے اہلخانہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور یرغمالیوں کو ہر صورت رہا کرانے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے تشدد بھی کیا۔اس کے علاوہ غزہ کی تباہ حال صورتحال کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ نے اس کی تعمیر نو پرخرچے کا تخمینہ لگایا ہے ۔

غزہ میں جنگ دوبارہ شروع ہونے کا خطرہ ہنوز موجود :گوٹیرس
نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے غزہ میں جنگ دوبارہ شروع ہونے کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے پائیدار امن کے حصول کیلئے جنگ بندی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ منصوبے کے مطابق قیدیوں کی رہائی جاری رکھیں ،ہمیں ہر قیمت پر غزہ میں جنگ کی طرف واپسی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ کسی بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہے۔ انتونیو گوتریش نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق خطے کے لوگوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کریں گے۔