اسرائیلی فورسز نے رفح میں تینوں جانب سے حملہ کردیا

   

غزہ:اسرائیلی فورسز نے رفح میں تین اطراف سے حملہ کر دیا ہے ۔ ایف 16 طیاروں سے رہائشی ٹاور اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔میڈیا کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے رفح شہر کو جنوب سے بندکر دیا ہے اور ریڈ زون کا گھیراؤ مکمل کر لیا۔ اسرائیلی جنگی کابینہ کی جانب سے جنوبی شہر میں کارروائیوں میں توسیع کی اجازت دینے کے بعد اسرائیلی فوج نے ریڈ زون سے 1 لاکھ بے گھر فلسطینی باشندوں کو فوری نکل جانے کا حکم بھی دے دیا ہے ۔مشرقی رفح میں حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں پر دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائسز، راکٹوں اور اسنائپرز کے ساتھ گھات لگا کر حملے شروع کر دیے ہیں، رفح میں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے کیوں کہ اسرائیلی فورسز 1.4 ملین فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اس شہر میں اندر تک گھس گئی ہیں۔