یروشلم : فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران جھڑپوں میں دو فلسطینی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی عمر 18 اور 22 برس بتائی گئی ہے۔ اسرائیلی سرحدی پولیس نے منگل یکم مارچ کو بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گزشتہ شب اسرائیلی پولیس افسر اور بعض انڈر کوور اہلکار جنین مہاجر کیمپ میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کے لئے کارروائی کر رہے تھے۔ اسرائیلی سکیورٹی فورسز اس مشتبہ شخص کو ’دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے‘ کی وجہ سے تلاش کر رہی تھیں۔اسرائیلی پولیس کے مطابق مطلوبہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد فورسز جیسے ہی باہر نکلیں، تو ان پر کئی اطراف سے حملے کیے گئے۔