بوگوٹا : 28ستمبر ( یو این آئی ) کولمبین صدر نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام عالم سے امریکی فوج سے بڑی عالمی فورس بنانے کا مطالبہ کر دیا۔کولومبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے نیویارک میں فلسطین حمایت مظاہرے میں خطاب کیا۔خطاب میں کولمبین صدر نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام عالم سے امریکی فوج سے بڑی عالمی فورس بنانے کا مطالبہ کیا۔کولمبین صدر نے امریکی فوجیوں کو بھی انسانیت کے لیے اُٹھ کھڑے ہونے کا کہہ دیا۔ان کاکہنا تھا کہ امریکی فوجی ٹرمپ کا حکم نہ مانیں، اپنے ہتھیار انسانیت کے لیے اٹھائیں۔جواب میں امریکہ نے کولمبین صدر کے خطاب کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے صدر کا ویزا منسوخ کر دیا۔وطن واپس پہنچ کر کولمبین صدر نیکہا کہ دنیا کا آزاد فرد ہوں، صرف کولومبیا نہیں یورپی شہری بھی ہوں، یورپی ممالک کے شہریوں کو امریکا جانے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوتی صرف سفری اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔اس سے قبل کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔