واشنگٹن ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی اردن کے علاقوں کو اسرائیلی سر زمین میں ضم کرنے کے منصوبے سے عرب ریاستوں کی اسرائیل کے ساتھ روابط کی ممکنہ بحالی منفی طور پر متاثر ہو گی۔ واشنگٹن کے لیے اماراتی سفیر یوسف العطیبہ نے اس بارے میں آج ایک اسرائیلی اخبار میں لکھا۔ انہوں نے اپنی تحریر میں لکھا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سلامتی، کاروبار، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے جیسے کئی شعبوں میں تعاون ممکن ہے لیکن اگر اسرائیل نے ’فلسطینی سر زمین پر قبضے کے غیر قانونی عمل‘ کو آگے بڑھایا، تو ایسا نہ ہو سکے گا۔ امریکی صدر کے مشرقی وسطٰی کے لیے منصوبے کے تحت اسرائیلی وزیر اعظم مغربی کنارے اور وادی اردن کے مزید حصوں کو ضم کرنے سے متعلق منصوبے کی تفصیلات کا اعلان آئندہ ماہ کرنے والے ہیں۔