اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بحرین کا دورہ کریں گے

,

   

یروشلم ۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہیکہ وہ خلیجی ریاست بحرین کے ولیعہد شہزادہ سلمان الخلیفہ کی دعوت پر جلد ہی بحرین کا دورہ کریں گے۔میڈیا کے مطابق بحرین نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے لئے امریکہ کے ذریعے معاہدہ کر نے میں متحدہ عرب امارات کی پیروی کی ہے۔اس معاہدے نے ان فلسطینیوں کو مشتعل کردیا ہے جنہوں نے علاقے میں اس طرح کی کوئی بھی تبدیلی لانے سے قبل فلسطین کی آزاد ریاست کا مطالبہ کر رکھا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم بحرین کے ساتھ مل دونو ں ملکوں کے عوام کے لئے انتہائی کم وقت میں امن کے ثمرات لانے کے لیے پرجوش ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بحرین کے ولیعہد سلمان الخلیفہ نے فون کال کے ذریعے مجھے بحرین میں باضابطہ دورے کے لئے جلد آنے کی دعوت دی ہے اور یہ دعوت میں نے بخوشی قبول کر لی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بحرین کے ایک وفد نے گذشتہ ہفتہ اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ انتظامیہ نے ستمبر 2020 سے اسرائیل کے ساتھ بحرین، متحدہ عرب امارات اور سوڈان کے تعلقات معمول پر لانے کے لیے معاہدوں کراوئے ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک اسرائیلی وفد پیرکو سوڈان بھی گیا ہے۔وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ مزید ممالک بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر غورکر رہے ہیں۔علاوہ ازیں امریکہ کے نئے منتخب صدرجو بائیڈن نے20 جنوری2021 کو امریکی حکومت سنبھالنے اور ایران کے بارے میں اپنی پالیسی قائم کرنے سے قبل مزید پیش رفت کا امکان ظاہر نہیں کیا۔ جو بائیڈن نے واضح کیا ہے کہ عالمی طاقتوں کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر جو دستخط کئے گئے ہیں وہ ان معاہدوں کو دوبارہ دیکھیں گے اور معاہدے پر عمل پیرا رہیں گے۔ وہ اس معاہدے کی شرائط کو مستحکم کرنے کے لئے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔