اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا دورہ ہند منسوخ

   

Ferty9 Clinic

یروشلم 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے اپنے ملک میں عدم النظیر مکرر انتخابات کے پیش نظر پیدا شدہ مسائل کا بہانہ بناتے ہوئے 9 ستمبر کو مقرر اپنا ایک روزہ دورہ ہند منسوخ کردیا ہے جو اُنھوں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کے لئے مقرر کیا تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نیتن یاہو نے منگل کو مودی سے فون پر بات چیت کی اور دونوں نے 9 ستمبر کو نئی دہلی میں ملاقات کے مقررہ پروگرام کی منسوخی سے اتفاق کرلیا۔ اسرائیل میں 17 ستمبر کو ہونے والے مکرر انتخابات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں سال کے دوران یہ دوسرا موقع ہے کہ اسرائیلی رہنما نے اپنا مقررہ دورہ ہند منسوخ کیا ہے۔ قبل ازیں اپریل میں انتخابات کے موقع پر ان کا دورہ منسوخ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جولائی میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے اپنے بیانر پر وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی تصاویر بھی لگائی تھی تاکہ نیتن یاہو کو ایک ’مختلف گروپ‘ میں پیش کرتے ہوئے رائے دہندوں کو ان کی تائید کے لئے راغب کیا جاسکے۔ نیتن یاہو نے 20 جولائی کو اسرائیل کے سب سے زیادہ طویل عرصہ تک وزیراعظم کے عہدہ پر فائز رہنے والے قائد کی حیثیت سے ایک نئی تاریخ بنائی تھی۔ اُنھوں نے یہودی مملکت کے پہلے وزیراعظم بین گمورین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ نیتن یاہو جنوری 2018 ء میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ قبل ازیں نریندر مودی 2017 ء میں تل ابیب پہونچتے ہوئے یہودی مملکت کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیراعظم بن گئے تھے۔ ان دونوں قائدین کے مابین قریبی تال میل اسرائیلی صحافت میں اکثر بحث کا موضوع بنی رہتی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو اپنے ملک میں ہونے والے انتخابات کے دوران مقبولیت میں کمی کو پورا کرنے کیلئے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کے خواہاں تھے، یہ دونوں قائدین اکثر باہمی ، علاقائی اور عالمی امور پر یکساں نظریات رکھتے ہیں۔