اسرائیلی وزیراعظم کا ایران کیخلاف سخت رویہ اپنانے پرزور

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو روکنے کے لیے مذاکرات میں سخت رویہ اختیار کریں جبکہ اسرائیل کے اعلیٰ دفاعی اور انٹیلی جنس حکام ویانا میں جاری ان مذاکرات کے دوران میں واشنگٹن کا رْخ کررہے ہیں۔ نفتالی بینیٹ نے اپنی کابینہ کے ہفتہ واراجلاس میں کہا کہ میں ویانا میں ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والے ہر ملک سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ایک مضبوط مؤقف اختیارکرے اورایران پر واضح کرے کہ وہ یورینیم کی افزودگی اور مذاکرات بیک وقت نہیں کرسکتا۔نیزایران کو اپنی خلاف ورزیوں کی قیمت ادا کرنا ہوگی‘‘۔اسرائیل ایران سے ویانامذاکرات میں فریق نہیں لیکن اس نے اس بات چیت کے دوران میں اپنے یورپی اور امریکی اتحادیوں کے ساتھ رابطے کی لائنیں برقرار رکھنے کا ایک نکتہ پیش کیا ہے۔ اسرائیل عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ مذاکرات کی میز پر دوبارہ بیٹھنے پر اپنی تشویش کا اظہارکررہا ہے جبکہ ایران نے گذشتہ ہفتے ویانا میں مذاکرات دوبارہ شروع ہوتے ہی یہ تجویزپیش کی تھی کہ سفارتکاری کے گذشتہ دور میں زیر بحث آنے والے امورپر دوبارہ بات چیت کی جاسکتی ہے۔ ایران اپنے نیوکلیئر پروگرام میں پیشرفت کی رفتار کو سست نہیں کر رہا ہے۔