اسرائیلی وزیراعظم کی سعودی عرب۔ ایران کے درمیان معاہدے پر تنقید

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان معاہدے پر تنقید کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہیکہ جو ملک ایران سے پارٹنرشپ کرتے ہیں وہ مصائب کا شکار ہوجاتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں 95 فیصد مسائل ایران کے پیدا کردہ ہیں۔نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے پر امید ہیں، یمن تنازع کے خاتمے کے لیے میرے خیال میں بہت کچھ کرناباقی ہے، سعودی عرب کی قیادت کو معلوم ہیکہ دوست کون ہے اور دشمن کون۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین تنازع سے متعلق چین کی ثالثی کا علم نہیں، چین کے ساتھ اچھے تعلقات کااحترام کرتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کے لیے سہولت کاری کی پیشکش کی تھی۔چینی میڈیا کے مطابق چینی وزیرخارجہ چن گانگ نے اسرائیل اور فلسطین کے اعلیٰ سفارت کاروں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کی اور کہا کہ چین فریقین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔