واشنگٹن : اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں جہاں پر وہ امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد مشرق وسطیٰ میں امن معاہدوں کے بعد اسرائیل کی عسکری برتری کو برقرار رکھنا ہے۔متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے بعد سے امارات کی جانب سے امریکہ کے ایف 35 جنگی طیارے اور دیگر جدید ترین حربی آلات خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت خطے میں صرف اسرائیل کے پاس F-35 جنگی طیارے موجود ہیں۔اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امارات سے معاہدے کے فورا بعدکہا تھا کہ اسرائیل اپنے ساتھ امن معاہدے کرنے والے ممالک سمیت خطے کے کسی بھی ملک کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف ہیں۔مگر اس کے بعد سے انہوں نے اپنے لہجے میں نرمی لاتے ہوئے امریکی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ تمام تر معاملات میں اسرائیل کی فوجی برتری کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق بینی گینٹز امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ مریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کو F-35 طیارے فروخت کرنے کے خواہشمند ہیں اور اماراتی حکومت کی درخواست پر غور کیا جارہا ہے۔
