حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نے اسرائیلی وزیر فینانس کے دورۂ ہند کے خلاف سخت احتجاج کیا اور اسرائیل سے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں کئے گئے معاہدہ کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ ایس آئی او نے اسرائیلی وزیر فینانس کے دورہ کے خلاف سوشل میڈیا میں باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جس میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے ذمہ دار اسرائیل کے وزیر فینانس کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔ ہندوستان نے اسرائیل کے ساتھ سرمایہ کاری کا دوطرفہ معاہدہ کیا ہے۔ دونوں کے کئی انصاف پسند ممالک نے اسرائیل کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا لیکن ہندوستان کی جانب سے تاحال کوئی قدم نہیں اُٹھایا گیا ہے۔ اکٹوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں 64500 فلسطینی شہید اور 163000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ایسے وقت میں ہندوستان کا اسرائیل کے ساتھ معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے۔ ایس آئی او نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اسرائیل سے تعلقات اور معاہدات کو منقطع کرے۔ ہندوستان کو اپنی روایتی اور اُصول پسند پالیسی پر عمل کرنا ہوگا جو فلسطینیوں کی حمایت اور سامراجی طاقتوں کی مخالفت میں ہے۔1