اسرائیلی وفد کی غزہ جنگ بندی کے نفاذ پرتبادلہ خیال کرنے قطر آمد

   

دوحہ: اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے دورہ واشنگٹن میں جمعرات کی بجائے اگلے ہفتہ تک توسیع متوقع ہے۔ دوسری جانب ایک اسرائیلی وفد اس ہفتے کے آخر میں دوحہ جانے کی تیاری کر رہا ہے۔نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ ایک وفد چند دنوں میں قطر کا دورہ کرے گا تاکہ غزہ معاہدے پر مسلسل عمل درآمد کے حوالے سے تکنیکی تفصیلات پر بات چیت کی جا سکے۔دفتر نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ نیتن یاہو نے واشنگٹن میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیک والیس سے ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ کیلئے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف بھی بات چیت کی۔نیتن یاہو آج منگل کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔امریکہ سے واپسی پر وزیر اعظم غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر تمام اسرائیلی موقف پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے اسرائیلی سیاسی-سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے۔دریں اثناء اسرائیلی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نیتن یاہو امریکی انتظامیہ سے یہ ضمانتیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے کہ حماس کا غزہ کے مستقبل میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ قیدیوں کی واپسی کے بعد جنگ کی طرف لوٹنے کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کی تاحال ٹرمپ نے مخالفت کی ہے، وہ بار بار جنگوں کو روکنے پر زور دیتے رہے ہیں۔