اسرائیلی پاسپورٹ پر مالدیپ میں داخلہ مسدود

   

مالے: مالدیپ کے صدر محمد معزو نے 15 اپریل 2025 کو مالدیپ امیگریشن ایکٹ میں تیسری ترمیم کو منظوری دی ہے جس کے تحت اسرائیلی پاسپورٹ پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس ترمیم کے ذریعے امیگریشن ایکٹ میں ایک نئی شق متعارف کرائی گئی ہے۔ اس کے تحت جمہوریہ مالدیپ میں اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ اطلاع مالدیپ کے صدر کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دی گئی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی مالدیپ کی حکومت کے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مظالم اور نسل کشی کا جواب دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔اس سے پہلے بنگلہ دیش نے بھی غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے خلاف احتجاجاً اپنے شہریوں کے اسرائیل جانے پر پابندی لگا دی تھی ۔بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے محکمہ پاسپورٹ اور امیگریشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاسپورٹ پر دوبارہ ‘اسرائیل کیلئے درست نہیں’ لکھنا شروع کریں۔2021 میں شیخ حسینہ کی حکومت نے پاسپورٹ سے اس لائن کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس وقت حکام کا کہنا تھا کہ ایسا دستاویز کے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا ہے ۔