یروشلم : اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ مشرقی القدس میں دمشق گیٹ کے سامنے جمع ہونے والے 5 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔افطار کے وقت کے بعد، ہزاروں فلسطینی دمشق گیٹ کے گرد جمع ہوئے، جو پرانے شہر کے علامتی داخلی دروازے کی حیثت رکھتا ہے۔فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وافا‘ کی خبر کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں ’مقدسی‘ نامی مستقل رہائشی حیثیت کے حامل 5 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب اسرائیلی پبلک براڈکاسٹنگ آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے دمشق گیٹ کے ارد گرد ہونے والے واقعات میں چار افراد کو حراست میں لے لیا۔متعدد فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔