نئی دہلی 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک اسرائیلی کمپنی نے اپنی شراب کی بوتلوں پر گاندھی جی کی تصاویر لگائی تھیں تاہم اس کمپنی نے اپنی پیداوار روک دی ہے اور ہندوستان کی جانب سے یہ مسئلہ رجوع کئے جانے کے بعد بازار سے یہ بوتلیں واپس لینے کی حتی المقدور کوشش کی جا رہی ہے ۔ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے یہ بات بتائی ۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے راجیہ سبھا میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ اسرائیل نے بابائے قوم گاندھی جی کی توہین کی ہے اور اس نے ان کی تصویر کو شراب کی بوتل پر چسپاں کیا ہے ۔ انہوں نے کمپنی کے خلاف کارروائی کرنے اور بوتلوں کو بازار سے واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے سنجے سنگھ کو جوابی مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ پہلے ہی اسرائیل سے رجوع کیا گیا ہے اور کمپنی نے اپنی پیداوار روک دی ہے اور کمپنی سے بوتل واپس لینے کوشاں بھی ہے ۔ اس پر مزید کارروائی ضروری نہیں ہے ۔