پیرس ۔ رواں اولمپکس میں شریک تین اسرائیلی ایتھلیٹس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے پیش نظر ان کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ فرانسیسی پولیس نے تحقیقات کا آغازکردیا۔ فرانسیسی پراسیکیوٹرزکے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی ایتھلیٹس کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجی گئی ہیں۔ اینٹی سائبر کرائم کے عہدیدار اسرائیلی ایتھلیٹس کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ اسرائیلی حکام نے اپنے ایتھلیٹس کے ذاتی ڈیٹا کے سوشل میڈیا پر جاری کرنے کا الزام ایرانی ہیکرز پر عائد کیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو پیرس اولمپکس کے دوران اسرائیلی ایتھلیٹس اور سیاحوں کو نشانہ بنانے کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔دریں اثناء اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اسرائیلی الزامات کی تردید کی ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق کھیلوں میں حصہ لینے والے اسرائیلی ایتھلیٹس کو ایلیٹ ٹیکٹیکل یونٹس کے ذریعے ایونٹس میں لے جایا جا رہا ہے اور انہیں اولمپکس کے دوران 24 گھنٹے تحفظ بھی دیا جا رہا ہے جبکہ اسرائیلی خفیہ ادارے شین بیت کے ارکان بھی اسرائیلی ایتھلیٹس کو سیکیورٹی کی فراہمی میں مدد کررہے ہیں۔