اسرائیلی کھلاڑی سے مصافحہ ، ایرانی ویٹ لفٹر پر تاحیات پابندی

   

تہران ۔ اسرائیلی کھلاڑی سے ہاتھ ملانے پر ایران نے اپنے ویٹ لفٹر پر ہر قسم کے کھیلوں کے لیے تاحیات پابندی لگادی۔ تفصیلات کے مطابق اس واقعہ پرکھیلوں کی کمیٹی کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ تجربہ کار ویٹ لفٹر مصطفیٰ راجائی پولینڈ میں ہونے والی ورلڈ ماسٹر ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے جہاں پوڈیم پر انہوں نے ایرانی پرچم بھی اپنے جسم پر لپیٹا ہوا تھا۔ اس موقع پر پوڈیم پر تیسرا مقام حاصل کرنے والا اسرائیلی کھلاڑی بھی کھڑا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے مصافحہ کیا اور ایک ساتھ تصویرکھنچوائی جس کی وجہ سے ایران کی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے راجائی پر تاحیات پابندی عائدکردی اور ان کے عمل کو ناقابل معافی جرم قرار دیا۔کئی ایرانی کھلاڑی متعدد مقابلوں میں اسرائیلیوں کا سامنا کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ ایران اسرائیل کو ایک ملک کے طور پر تسلیم نہیں کرتا اور ایرانی اور اسرائیلی کھلاڑیوں کے درمیان کسی بھی قسم کے رابطے سے سختی سے منع کرتا ہے۔