ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل حماس جنگ نے خطہ میں ردِ عمل کے خطرے کو جنم دیا ہے جس سے دہشت گرد تنظیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور نورہ الکعبی نے ابوظہبی میں پالیسی کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل حماس جنگ روکنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر اس جنگ کے خطہ پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں نہ صرف خطہ میں مزید تناؤ بڑھنے کا خطرہ موجود ہے بلکہ شدت پسند تنظیمیں موجودہ صورتِ حال کا فائدہ اٹھا کر اپنے خیالات کا پرچار کر سکتی ہیں۔ ان کے بقول خطہ میں عسکری تنظیمیوں کے خیالات کے اثرات ہمیں تشدد میں دھکیل دیں گے۔ اماراتی وزیر نے اسرائیل حماس جنگ سے متعلق کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر اقدام اٹھانے اور فوری طور پر اس تنازعہ کے خاتمے کے لیے کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے غزہ کی صورتحال پر گفتگو ریاض : سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ ریاض سے سعودی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ پر اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت میں چین کے کردار کو سراہا۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی اور چینی وزراء خارجہ نے اپنی گفتگو کے دوران غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔