اسرائیل۔ غزہ تنازعہ پر اردغان کا بائیڈن کو انتباہ

   

انقرہ: ترک صدر طیب اردغان نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے کہا ہیکہ اسرائیل غزہ میں سیز فائر کے بجائے جنگ کو وسیع تر خطے تک پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترک صدر نے بائیڈن کو ٹیلی فون کال کے دوران کیا۔ ترک ایوان صدر نے بتایا کہ بائیڈن نے مشرق۔مغرب کے درمیان انقرہ میں قیدیوں کا تبادلے کی کوششوں پر اردغان کا شکریہ ادا کیا۔ ترک ایوانِ صدر نے کہاکہ اردغان نے بائیڈن کو بتایا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلئے اسرائیلی حکومت کی طرف سے ’’ہر قدم پر‘‘ غیر رضامندی ظاہر ہوئی ہے اور یہ کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے امریکی کانگریس سے خطاب سے ترکی اور باقی دنیا میں گہری مایوسی پیدا ہوئی ہے۔ترک صدر نے کہاکہ اردغان نے یہ بھی کہا کہ پولٹ بیورو حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی ہلاکت سے جنگ بندی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ اردغان نے ناٹو اتحادیوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کیلئے کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔