دہلی میںخصوصی ہیلپ لائن ڈیسک کا قیام، متاثرہ ممالک کے سفارت خانوں سے ربط
حیدرآباد : 24 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر مشرق وسطی میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں بسنے والے تلنگانہ کے طلبہ اور باشندوں کی بحفاظت واپسی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں خصوصی ہیلپ لائن ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں سے ربط قائم کرتے ہوئے تلنگانہ کے طلبہ وطن واپس ہورہے ہیں۔ متاثرہ ممالک سے تاحال 23 طلبہ بحفاظت وطن واپس ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ بھون نئی دہلی کے عہدیداروں نے واپس ہونے والے طلبہ اور شہریوں کی رہائش کا معقول انتظام کیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق متاثرہ ممالک سے جو 17 طالب علم وطن واپس ہوئے ان میں اسرائیل سے 11، ایران سے 5 اور اردن سے ایک طالب علم شامل ہے۔ ایک دن قبل ایران سے 4 اور اسرائیل سے 2 طالب علم وطن واپس ہوئے۔ طلبہ نے نئی دہلی سے حیدرآباد کے سفر کا اپنے طور پر انتظام کرلیا تاہم ان کے لیے تلنگانہ بھون میں موثر انتظامات کئے گئے۔ ایرپورٹ پر ان کے استقبال اور روانگی کے موقع پر تلنگانہ بھون کے عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ حکومت اور نئی دہلی کے تلنگان بھون کے عہدیدار وزارت خارجہ اور متاثرہ ممالک کے ہندوستانی سفارت خانوں سے مسلسل ربط میں ہیں اور حقیقی صورتحال کی جانکاری حاصل کررہے ہیں۔ مختلف ممالک سے تلنگانہ کے طلبہ اور باشندے تلنگانہ بھون سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ اسرائیل سے فضائی خدمات کے معطل ہونے کے سبب طلبہ اور شہریوں کو دیگر ممالک سے واپسی کا انتظام کیا گیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ متاثرہ ممالک میں ہندوستانی اور بالخصوص تلنگانہ کے شہریوں اور طلبہ کا تحفظ اولین ترجیح رہے گی۔1
ہیلپ لائن سے ربط قائم کرتے ہوئے واپسی کے انتظامات کئے جاسکتے ہیں۔1