نیویارک ۔ 14 مارچ (ایجنسیز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرسنے اپنے لبنان کے دورے کے آغاز پر اسرائیل اور حزب اللہ سے کہا کہ وہ جنگ بند کریں۔ جمعہ کے روز بیروت میں صدراتی محل سے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ میری ان فریقوں (حزب اللہ اور اسرائیل) سے سخت اپیل ہے کہ جنگ بندی کریں اور لبنان کو ایک آزاد ملک بننے دیں، جہاں طاقت کا استعمال کرنے کا واحد اختیار حکام کے پاس ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب مسلح گروہوں کا دور نہیں رہا۔ یہ مضبوط ریاستوں کا وقت ہے۔ اقوام متحدہ جمعہ کو لبنان میں 8 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ بے گھر افراد کی مدد کے لیے ہنگامی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فنڈ ریزنگ کا آغاز کرے گا۔ گوٹیرسنے اپنے دورہ لبنان کو’یکجہتی کا دورہ‘ قرار دیا۔ لبنان میں دو مارچ سے جاری جنگ میں وزارت صحت کے مطابق اب تک 687 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ رمضان اور لنت کے دوران شروع ہوئی جو مسلمانوں اور عیسائیوں کے لیے یکجہتی اور امن کا وقت ہونا چاہیے تھا۔ گوٹیرسنے کہا کہ بدقسمتی سے لبنان کو ایک ایسی جنگ میں دھکیل دیا گیا ہے جو اس کے عوام اپنی مرضی سے نہیں چاہتے تھے۔