اسرائیل اور یوکرین کے درمیان ایران سےدر پیش خطرات سے مل کر نمٹنے پر مشاورت

   

تل ابیب ۔ 24 جولائی (ایجنسیز) اسرائیل اور یوکرین نے چہارشنبہ کو اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ملک ایران کی طرف سے درپیش خطرات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ اس مقصد کے لیے دونوں ملکوں نے باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا ہے۔اسرائیل اور یوکرین دونوں ملک اس پہلو سے بھی متفق ہیں کہ ایران روس کا بہت قریبی اتحادی ہے۔ اسی ناطے یہ دونوں ملک ایران کو بین الاقوامی منظر نامے پر ایک بری شناخت کے ساتھ دیکھتے ہیں۔یاد رہے اسرائیل ایک طویل عرصے سے ایران پر الزام لگا رہا ہے کہ ایران نیوکلیئر ہتھیار بنانے کی کوشش میں ہے۔ مگر ایران اس الزام کی تردید کرتا ہے۔دوسری جانب یوکرین کی وزیر خارجہ آندری صبیحہ نے یوکرین پر روس کے مسلسل ایرانی ساختہ ڈرون طیاروں سے حملوں کے تناظر میں ایران کو ایک سامنے کا خطرہ قرار دیا ہے۔ وہ کیف میں اپنے اسرائیلی ہم منصب کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔