اسرائیل ایک ناقابل اعتبار ملک:احمد الشرع

   

دمشق21 ستمبر(یو این آئی ) شام کے صدر احمد الشرع نے اسرائیل کو ناقابل اعتبار ملک قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل پر اعتماد نہیں کرتے ، انھوں نے کہا کہ شام اب دہشت گردی برآمد کرنے والا ملک نہیں رہا ہے ۔ شامی صدر احمد الشرع نے ترک میڈیا کو انٹریو دیا ہے ، جس میں انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ امریکی ثالثی میں معاہدہ جلد طے پانے والا ہے ، لیکن یہ نیا معاہدہ 1974 کے معاہدے جیسا ہوگا اور تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے ۔ انھوں نے واضح کیا کہ شام لڑنا جانتا ہے لیکن اب جنگ نہیں چاہتا، السویدہ میں حالیہ بدامنی مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش تھی، اسرائیل کے ساتھ اگر اعتماد کی بات ہو تو میرا جواب ہے میں اس پر اعتماد نہیں کرتا۔ احمد الشرع نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں صدارتی محل اور وزارت دفاع کو نشانہ بنایا گیا، یہ حملہ دراصل اعلان جنگ کے مترادف ہے ، انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ ناگزیر ہے مگر اسرائیل کی جانب سے اس معاہدے کی پاسداری پھر بھی مشکوک ہے ۔ شامی صدر نے کہا کہ شام اب عالمی نظام کا حصہ بن چکا ہے اور ایسا ملک نہیں رہا ہے جو منشیات یا دہشت گردی برآمد کرتا ہو۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے
حزب اللہ رکن ہلاک
بیروت، 21 ستمبر (یو این آئی) جنوبی لبنان میں ہفتے کے روز ایک سویلین کار پر اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کا ایک کارکن ہلاک ہوگیا۔ لبنانی حکام اور سکیورٹی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ سرکاری لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق، ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی سرحدی علاقہ کے مشرقی حصے میں خَردالی-مرجعیون سڑک پر ایک کار کو نشانہ بنایا، جس میں کفرکیلا گاؤں کا ایک شخص مارا گیا۔ لبنانی فوجی انٹیلی جنس کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص حسن شاہرور نامی ایک حزب اللہ کارکن تھا۔