لسانے 15 اکتوبر (یواین آئی ) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے ایک فیصلے نے دنیا بھر میں ہلچل مچا دی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت کے اثرات اب کھیلوں کی دنیا تک پھیل گئے ہیں۔ انڈونیشیا نے غزہ جارحیت پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے ملک میں ہونے والی ورلڈ جمناسٹکس چمپئن شپ میں شرکت سے اسرائیلی کھلاڑیوں کو روک دیا تھا۔ انڈونیشیا نے واضح اعلان کیا کہ وہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کو نظر انداز کرتے ہوئے کسی طور اسرائیلی کھلاڑیوں کو خوش آمدید نہیں کہہ سکتے ۔ انڈونیشی حکومت کا مؤقف ہے کہ کھیلوں کے نام پر ایسے ملک کو پلیٹ فارم نہیں دیا جا سکتا جو انسانیت سوز اقدامات میں ملوث ہو۔ انڈونیشیا نے جب اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں کئے تو اسرائیل نے کھیلوں کی عالی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ اسرائیل نے مؤقف اختیارکیا تھا کہ یا تو انڈونیشیا کو ویزے جاری کرنے کا حکم دیا جائے یا پھر جمناسٹکس چمپئن شپ کو کسی اور ملک منتقل کردیا جائے ۔ تاہم کھیلوں کی ثالثی عدالت نے اسرائیلی جمناسٹک فیڈریشن کی درخواستیں مستردکردیں جن میں ٹیم کی شرکت کی ضمانت یا ایونٹ کی تنسیخ و منتقلی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔کھیلوں کی اعلیٰ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ بین الاقوامی فیڈریشنز کے پاس کسی خودمختار ملک پر ویزے جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا اختیار نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ انڈونیشیا میں19 سے25 اکتوبر تک ہونے والی جمناسٹکس چمپئن شپ میں79 ممالک کے 500 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔